Thursday, April 30, 2026
ہومپاکستانوفاقی وزارت خزانہ نے مہنگائی میں مزید اضافے کی پیشگوئی کردی، آوٹ لک رپورٹ

وفاقی وزارت خزانہ نے مہنگائی میں مزید اضافے کی پیشگوئی کردی، آوٹ لک رپورٹ

اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزارت خزانہ نے مہنگائی میں مزید اضافے کی پیش گوئی کردی ہے اور اپریل میں مہنگائی کی شرح 8 سے 9 فیصد رہنے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آوٹ لک رپورٹ میں مہنگائی کی شرح مزید اوپر جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے اور کہا ہے کہ اپریل میں مہنگائی 8 سے 9فیصد رہے گی۔آوٹ لک رپورٹ کے مطابق سپلائی چین میں خلل کو مہنگائی بڑھنے کی بڑی وجہ قرار دیا گیا ہے تاہم جیو پولیٹیکل غیر یقینی صورت حال کے باوجود پاکستانی معیشت مستحکم ہے اور لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں گروتھ برقرارہے اور آٹو سیکٹر میں نمایاں بہتری آئی ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ سیمنٹ کی پیداوار میں اضافے اور مقامی طلب میں بہتری کے اشارے ہیں، معاشی سرگرمی آئندہ مہینوں میں مضبوط رہنے کا امکان ہے۔
وزارت کے مطابق مشرق وسطی کشیدگی سے عالمی قیمتوں اور سپلائی میں خطرات برقرار ہیں، پھر بھی ترسیلات زر اور آئی ٹی برآمدات سے بیرونی کھاتہ مستحکم رہنے کی توقع ہے اور میکرو اکنامک بنیادیں مضبوط اور معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔آوٹ لک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکومتی پالیسی اقدامات سے منفی اثرات محدود رکھنے کی کوششیں جاری ہیں اور بڑی صنعتوں کی پیداوار میں بحالی کا سلسلہ جاری رہے گا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نان ٹیکس ریونیو میں سات اعشاریہ سات فیصد اور سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں 8 اعشاریہ دو فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔