نئی دہلی :بھارت کے سیکریٹری خارجہ وکرم مسری کو ان کے ملک کے پاکستان کے ساتھ جنگ بندی پر راضی ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید تنقید اور گالم گلوچ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیاکے مطابق اتوار کو سوشل میڈیا صارفین نے وکرم مسری اور ان کی بیٹی کو گالیاں دیں اور ان کی نجی زندگیوں کو بھی نشانہ بنایا۔
اعلٰی بھارتی سفارت کار کو ’غدار‘ اور ’دیش دروہی‘ کہا گیا جبکہ بعض پوسٹوں میں ان کی بیٹی پر تنقید کرتے ہوئے ان کی شہریت کے حوالے سے سوالات اٹھائے گئے۔
تاہم بعض بھارتی صحافیوں نے وکرم مسری اور ان کی بیٹی کو گالیاں دینے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
صحافی سواتی چترویدی نے کہا کہ ’ان ٹرولز کے خلاف لازمی کارروائی ہونی چاہیے جنہوں نے وکرم مسری کی بیٹی کی نجی معلومات شیئر کیں اور انہیں گالیاں دیں۔‘
فیکٹ چیکر اور آلٹ نیوز کے بانی محمد زبیر کا کہنا تھا کہ ’سب سے پہلے یہ نیوی افسر وِنے نروال کی بیوی ہمانشی ناروال کے پیچھے پڑے۔ اور اب وہی ٹرولز انڈیا کے سیکریٹری خارجہ وکرم مسری اور ان کی بیٹی کو گالیاں نکال رہے ہیں اور ان کا موبائل نمبر شیئر کر رہے ہیں۔‘
بھارتی سیکریٹری خارجہ نے سوشل میڈیا پر اس تنقید کے بعد اپنا ایکس اکاؤنٹ پرائیوٹ کر دیا ہے۔
خیال رہے ہفتہ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔
صدر ٹرمپ کے اعلان کے بعد پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ نے بھی جنگ بندی کی تصدیق کی۔ امریکی وزیر خارجہ مارک روبیو نے جنگ بندی پر دونوں ممالک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان اور بھارت کے ایک غیرجانبدار مقام پر کئی اہم امور پر بات چیت شروع کرنے پر تیار ہیں۔‘
پاکستان سے جنگ بندی: بھارتی سیکریٹری خارجہ اور ان کی بیٹی تنقید کی زد میں
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔

