اسلام آباد، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان وسربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈارنے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ہیڈ آفس میں ویڈیو لنک کے ذریعے ملک بھر کے سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز سے گفت و شنید کی جس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے شروع کئے جانے والے 5 نئے منصوبوں کے آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے بات چیت کی گئی ، ان نئے منصوبوں میں گرین یوتھ موومنٹ، کامیاب جوان مرکز، کامیاب جوان ٹیلنٹ ہنٹ، کامیاب جوان انوویشن لیگ اور کامیاب جوان اسپورٹس اکیڈمیز شامل ہیں۔
ہائرایجوکیشن کمیشن کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر شائستہ سہیل نے نوجوانوں کے لئے ان 5 نئے تعمیراتی منصوبوں کو منظور کرانے میں معاون خصوصی کی جدوجہد اور انتھک محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے حکومتی سطح پر نوجوانوں کو تعمیری سرگرمیوں میں مصروفِ عمل رکھنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے نوجوانوں کے تعمیراتی منصوبوں کے حوالے سے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر شائستہ سہیل کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے اس سلسلے میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر اور وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کی مسلسل رہنمائی اور تعاون کو بھی سراہا۔عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نوجوانوں کو ملک کا قیمتی ترین اثاثہ مانتے ہیں اسی لئے 4 ارب مالیت کے یہ منصوبے نوجوانوں کی تعمیراتی سرگرمیوں کے لئے تشکیل دیے گئے ہیں،کامیاب جوان مراکز طلبا کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کی ترجیحات نوجوانوں کی فلاح اور خوشحالی کیلئے ہیں اور ہم سب نے مل کر پوری لگن اور دیانتداری کے ساتھ ان نئے منصوبوں پرعملدرآمد کرانا ہے، اگر یہ منصوبے کامیاب اور موثر رہے تو آئندہ مالی سال میں ان کیلئے بجٹ بڑھا دیا جائے گا،میٹنگ کے دوران مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے ان منصوبوں کے حوالے سے اپنی قیمتی آرا سے بھی آگاہ کیا۔
معاون خصوصی عثمان ڈارکی زیر صدارت وائس چانسلرز کا ویڈیو لنک اجلاس، نئے منصوبوں کے لائحہ عمل کا جائزہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
