دبئی : ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 سیزن 5 میں گلف جائنٹس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایم آئی ایمریٹس کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں گلف جائنٹس کے ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر شمر جوزف نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 9 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جس کے باعث ایم آئی ایمریٹس کی پوری ٹیم 19.3 اوورز میں صرف 91 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ یہ ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 کی تاریخ میں ایم آئی ایمریٹس کا کم ترین اسکور ہے۔ڈیوڈ ویزے نے بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 19 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں گلف جائنٹس نے 92 رنز کا ہدف صرف 13.5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ابراہیم زدران نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 35 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 50 رنز بنائے، جبکہ ہینرک کلاسن 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں بلے بازوں نے ناقابل شکست شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح دلائی۔ایم آئی ایمریٹس کی جانب سے نکولس پوران 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ کیرون پولارڈ اور روماریو شیفرڈ نے 13، 13 رنز بنائے۔ شاندار بولنگ پر شمر جوزف کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
آئی ایل ٹی 20: گلف جائنٹس نے ایم آئی ایمریٹس کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
