(سب نیوز )گورنر سندھ، محمد کامران خان ٹیسوری نے ہفتہ کے روز پاکستان ٹریول مارٹ میں قائم ایتھوپین سفارتخانہ اسلام آباد کے سیاحتی پویلین کا دورہ کیا۔ ایتھوپیا کی ثقافت اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ایتھوپین سفارتخانہ نے اس سال پاکستان ٹریول مارٹ میں اپناسیاحتی پویلین قائم کیا ہے۔گورنر سندھ کی پویلین آمد پر، ایتھوپیا کے کراچی میں اعزازی قونصل ابراہیم خالد تواب نے سفارتخانے کے عملے کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر گورنر سندھ کو ایتھوپیا کی سیاحت، ثقافتی ورثے اور دارالحکومت ادیس ابابا کی جدید خطوط پر ترقی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ فیڈرل ڈیموکریٹک ریپبلک آف ایتھوپیا اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے مابین مضبوط دوطرفہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں ایتھوپیا کی سیاحت اور ثقافت کو فروغ دینے میں ایتھوپین سفارتخانہ کے کردار کو سراہا۔