Monday, May 18, 2026
ہومبریکنگ نیوزبہتر کارکردگی والی وزارتوں کو ترجیحی بنیادوں پر فنڈز دیے جائیں گے، وزیرِ اعظم

بہتر کارکردگی والی وزارتوں کو ترجیحی بنیادوں پر فنڈز دیے جائیں گے، وزیرِ اعظم

اسلام آباد (سب نیوز) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت رواں مالی سال کے ترقیاتی بجٹ اور آئندہ مالی سال کے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام پی ایس ڈی پی) منصوبوں پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں قومی ترقیاتی ترجیحات، فنڈز کی تقسیم اور اہم منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ بہتر کارکردگی دکھانے والی وزارتوں کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے ترجیحی بنیادوں پر بجٹ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کا پیسہ صرف ایسے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا جن کے مثبت اور یقینی نتائج سامنے آئیں۔

وزیرِ اعظم نے واضح کیا کہ پانی کے ذخائر میں اضافے اور پن بجلی کے منصوبے ترقیاتی بجٹ کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ اجلاس کو قومی اہمیت کے حامل منصوبوں بشمول داسو، دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم نے پانڈا بانڈز کے کامیاب اجرا اور عالمی مارکیٹ میں اس کی پذیرائی پر وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی تعریف کی۔ اس کے علاوہ ریلوے، آئی ٹی اور وزارتِ پاور کی کارکردگی کو بھی سراہا گیا۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت دی کہ ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ قومی وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکے۔

اجلاس کو رواں برس کے پی ایس ڈی پی پر پیش رفت، آئندہ مالی سال کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں اور ان کے لیے درکار فنڈز سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، رانا تنویر حسین، شزہ فاطمہ خواجہ، حنیف عباسی، سردار اویس خان لغاری، خالد مقبول صدیقی، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، معاونِ خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔