اسلام آباد (آئی پی ایس )دفتر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ مراکش کشتی حادثے میں زندہ بچنے والے پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جائے گا، وزارت خارجہ مراکش کے حکام سے رابطے میں ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزارت خارجہ مراکش حادثے میں بچنے والے 22 پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے رابطہ کر رہی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ کشتی حادثے سے متلق مراکش حکام کے ساتھ مکمل تحقیقات کے بعد ان افراد کو پاکستان واپس بھیجا جائے گا، پاکستانی سفارت خانہ بھی ان کی وطن واپسی کیلئے کام کر رہا ہے۔دفتر خارجہ نے کہا کہ سفارت خانے کی قونصلر ٹیم نے زندہ بچنے والوں کی واپسی کے لئے اہم کردار ادا کیا اور وزارت خارجہ کا کرائسز منیجمنٹ یونٹ صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دفتر خارجہ متاثرہ افراد کو ضروری مدد کی فراہمی کے لیے اہلخانہ کے ساتھ رابطے میں ہے، متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر شناخت کا عمل تیزی سے مکمل کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ وزارت خارجہ موریطانیہ سے 11 پاکستانی شہریوں کی واپسی میں بھی سہولت فراہم کر رہی ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اہم ترجیح ہے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ 16 جنوری کو غیر قانونی طور پر اسپین جانے والی کشتی حادثے کا شکار ہوگئی تھی جس میں 44 پاکستانیوں سمیت 50 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔