کراچی (آئی پی ایس )وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے ہیلی کاپٹر کے لیے اسپیشل گریڈ میں تین آسامیوں پر بھرتی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 2 پائلٹس اور ایک اسسٹنٹ ڈپٹی چیف انجینیئر کی بھرتی کے لیے درخواستیں 15 روز کے اندر طلب کی گئی ہیں۔امیدواروں کے لیے پی سی سی اے لائسنس ہولڈر ہونا اور متعلقہ امتحان پاس کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
شرائط کے مطابق امیدوار کی زیادہ سے زیادہ عمر 57 سال جبکہ کم از کم تعلیمی قابلیت بیچلر آف انجینیئرنگ ہونا ضروری ہے۔ پائلٹس کے لیے کم از کم 4500 فلائنگ آورز اور اسسٹنٹ کے لیے 3500 فلائنگ آورز کا تجربہ لازمی رکھا گیا ہے۔بھرتی کے ضوابط کے تحت وہ امیدوار نااہل تصور کیے جائیں گے جنہیں ذاتی کوتاہی یا کسی بھی وجہ سے قبل از وقت ریٹائر یا ملازمت سے برطرف کیا گیا ہو، جبکہ فلائٹ سیفٹی خلاف ورزی یا پائلٹ کی غلطی کے باعث حادثات میں ملوث افراد بھی اہل نہیں ہوں گے۔دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنا سی وی، تجربے کے سرٹیفکیٹس اور شناختی کارڈ کی کاپی ڈائریکٹر وزیراعلی سندھ ہیلی کاپٹر فلائٹ کے دفتر میں جمع کرائیں۔ حکام کے مطابق انٹرویو کے لیے صرف شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کو ہی طلب کیا جائے گا۔
