لاہور (سب نیوز)پنجاب حکومت کی جانب سے کارباری اوقات میں نرمی کے بعد اب اوقات سندھ حکومت نے کاروباری برادری اور عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے مارکیٹس، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس، ہوٹلز اور شادی ہالز کے لیے پہلے سے مقرر کردہ بندش کے اوقات ختم کر دیے ہیں۔ اس فیصلے کے بعد صوبے بھر میں کاروباری مراکز اب معمول کے مطابق اپنے کاروباری اوقات جاری رکھ سکیں گے۔
یہ اعلان سینیئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے اپنے آفیشل ایکس اکاونٹ پر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ نے تمام دکانوں، بازاروں، شاپنگ مالز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس، فوڈ آوٹ لیٹس، شادی ہالز اور مارکیز کو سابقہ بندش کے اوقات سے مکمل استثنی دے دیا ہے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے اور شہریوں کو سہولت فراہم ہو۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پہلے یہ اوقات توانائی بچت اور کفایت شعاری کی پالیسی کے تحت نافذ کیے گئے تھے، تاہم اب انہیں ختم کر دیا گیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام معاشی سرگرمیوں کو بہتر بنانے، کاروباری طبقے کو سہولت دینے اور مجموعی اقتصادی استحکام کے لیے کیا گیا ہے۔سندھ حکومت نے یہ فیصلہ تاجروں اور صنعت کاروں سے مشاورت کے بعد کیا۔
سینیئر وزیر نے کہا کہ حکومت کاروباری برادری کے مسائل سے آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ملک میں توانائی بچت کے اقدامات کے تحت کاروباری اوقات محدود کیے گئے تھے، جن کے مطابق بڑے شہروں میں دکانیں اور مارکیٹس رات 8 یا 9 بجے بند کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ تاہم ضروری سروسز جیسے میڈیکل اسٹورز، بیکریاں، اسپتال، لیبارٹریز اور پٹرول پمپس کو اس پابندی سے استثنی حاصل تھا۔

