لاہور (آئی پی ایس )بھارتی اعتراض کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) نے پاکستان کے علاقوں اسکردو ، ہنزہ اور مظفر آباد میں چیمپنز ٹرافی کی نمائش منسوخ کر دی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے جمعرا ت کو چیمپئنز ٹرافی 2025 کی ٹرافی کو پاکستان میں اسکردو ، ہنزہ اور مظفر آباد کے علاقوں میں لے جانے کے شیڈول کا اعلان کیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے اعتراض کیا کہ ٹرافی کو اسکردو، ہنزہ اور مظفرآباد کے شہروں میں نہ لے جایا جائے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2025کے سلسلے میں پاکستان میں اسکردو، ہنزہ اور مظفر آباد میں ٹرافی کے دورے کو منسوخ کردیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے شیڈول کا نوٹس لیا ہے اور پی سی بی کو ان شہروں میں ٹرافی کو نہ لے جانے کا کہا ہے۔ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول اور ٹور کا روٹ آئی سی سی کا منظور کر دہ ہے، ٹرافی ٹور کا روٹ اور شیڈول آئی سی سی کے مشورے اور مرضی سے فائنل ہوا۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی خود روٹ اور شیڈول فائنل کرنے کے بعد کیسے اعتراض کر سکتا ہے، ماضی میں شیڈول اور ٹرافی ٹور کا روٹ فائنل ہونے کے بعد کبھی تبدیل نہیں کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان آنے سے انکار کے بعد ٹرافی ٹور پر کیسے اعتراض کر سکتا ہے، جو ملک پاکستان آنے سے انکاری ہو اس کا اعتراض کیسے جائز ہے؟ ذرائع کے مطابق پاکستان میں ٹرافی ٹور کا شیڈول 16 سے 24 نومبر تک کا ہے، روٹ میں اسلام آباد، ہنزہ، گلگت، مری اور مظفر آباد شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کا آئی سی سی ٹرافی ٹور میں آزاد کشمیر شامل کرنے ہر اعتراض ناجائز ہے، بھارت 2023 کی ورلڈ کپ ٹرافی لداخ کے متنازعہ علاقے کیسے لے گیا تھا؟ذرائع کے مطابق پی سی بی ہمیشہ آئی سی سی اور کمرشل پارٹنرز کے تعاون سے کھیل کی بہتری کے لیے کام کرتا ہے۔ پی سی بی یکطرفہ طور پر ٹرافی شیڈولڈ کو فائنل نہیں کیا۔ٹرافی ٹور 16 نومبر سے اسلام آباد سے شروع ہوگا اور شیڈولڈ کے مطابق 24 نومبر کو ختم ہو گا۔خیال رہے کہ بھارت نے پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی کرکٹ ٹیم بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل قبول نہ کرنے کے اپنے مقف پر سختی سے قائم ہے۔