اسلام آباد(آئی پی ایس )این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے آئندہ 19 سے 26 مئی کے دوران گرمی کی شدت میں اضافے کا الرٹ جاری کر دیا۔الرٹ کے مطابق آئندہ چند دنوں کے دوران سندھ سمیت جنوبی پنجاب اور مشرقی بلوچستان کے علاقوں میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرنے اور شدید گرمی کی لہر کا خدشہ ہے۔پنجاب میں بہاولپور، رحیم یارخان، بہاولنگر، ملتان، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، راجن پور، سرگودھا، لودھراں، خانیوال، وہاڑی اور لاہور میں گرمی کی شدید لہر متوقع ہے۔
سندھ میں کراچی، حیدر آباد، جیکب آباد، خیرپور، سکھر،لاڑکانہ، دادو، نوشہرو فیروز، کشمور، تھرپارکر، شہید بینظیر آباد، مٹیاری، عمرکوٹ، میرپور خاص، بدین، قمبر اور شہداد کوٹ میں شدید گرمی کی لہر کا خدشہ ہے۔الرٹ کے مطابق بلوچستان میں تربت، سبی، اتھل، جھل مگسی، ڈیرہ مراد جمالی، نصیر آباد، جعفرآباد، استا محمد، کچھی، لسبیلہ اور پنجورکے علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔این ڈی ایم اے کے مطابق درجہ حرارت میں ممکنہ شدید اضافہ عوام میں صحت کے مسائل پیدا کرنے کا باعث بن سکتا ہے، شدید دھوپ اور گرمی کے اوقات میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں۔الرٹ کے مطابق بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں، پانی وافر مقدار میں پئیں اور جسم کو پانی اور نمکیات کی کمی ہونے سے بچائیں۔این ڈی ایم اے کے مطابق آج سے 23 مئی کے دوران شمالی علاقہ جات میں بڑھتے درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز پگھلنے سے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔این ای او سی کے الرٹ کے مطابق خردوپین، اشکومن، دسوات، شسپر، ہنارچو، ہنڈر، گلکن، درکوت، رعشن، بریپ، بونی، پنڈورو، چاٹ، چھٹی بوئی، لاشٹ، سردارگول، ٹھلو1 اور2، ارکار ی اور اوری کے علاقے حساس ہیں۔الرٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ شہری گلیشیائی جھیلوں کے قریب جانے اور پرخطر ڈھلوانوں پر قیام سے اجتناب کریں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خطرے سے دوچار علاقوں کے مکین مقامی انتظامیہ اور موسمی ایڈوائزری پر عمل کریں۔ این ڈی ایم اے کے مطابق بروقت معلومات کے لئے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کا استعمال کریں، این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کی ہدایت کر دی۔
