اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران اور خلیجی تعاون کونسل(جی سی سی)ممالک میں تعینات پاکستان کے سفیروں کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر برائے اقتصادی امور ڈویژن احد خان چیمہ، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ، معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران سفیروں نے وزیراعظم کو اپنے اپنے ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال، ابھرتے ہوئے مواقع اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر اقتصادی سفارت کاری کو مزید موثر بنانے، تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے، ترسیلاتِ زر میں اضافے اور پاکستانی تارکینِ وطن سے متعلق امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں خلیجی تعاون کونسل کے ممالک اور ایران کی تاریخی، اقتصادی اور تزویراتی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے سفیروں کو ہدایت کی کہ وہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے فعال کردار ادا کریں۔اجلاس میں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی، جس میں خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔
