راولپنڈی (آئی پی ایس )راولپنڈی پولیس نے ایک راہ چلتی برقع پوش لڑکی کا پرس چھیننے والے ایک نامعلوم موٹر سائیکل سوار کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے ریس کورس میں بدھ کے روز ایک موٹر سائیکل سوار نے راہ چلتی لڑکی کو برقعے سے کھینچ کر گرا دیا تھا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں ایک لڑکی گلی سے گزر رہی ہے اور پیچھے سے آنے والے ایک موٹر سائیکل سوار نے پرس چھیننے کی کوشش میں لڑکی کو برقعے سے کھینچ کر زمین پر گرا دیا اور تیزی سے موٹر سائیکل بھگا کر لے گیا۔تھانہ ریس کورس میں لڑکی کے بھائی کی مدعیت میں درج ہونے والی ایف آئی آر کے مطابق یہ واقعہ 23 جون صبح ساڑھے سات بجے کا ہے، جب وہ خاتون سکول جا رہی تھیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ویڈیو وائرل ہوئی تو راولپنڈی پولیس نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ریس کورس پولیس واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تفتیش عمل میں لارہی ہے، ملزم کو انشا اللہ جلد ٹریس کرکے گرفتار کر لیا جائے گا۔ویڈیو کلپ ٹوئٹر پر وائرل ہوا تو صارفین کی جانب سے سماجی برائیوں پر بحث کا ایک سلسلہ شروع ہوگیا۔بحث کے دوران ٹوئٹر صارفین کا کہنا تھا کہ ایسے ملزموں کو سخت سزا دینی چاہیے تاکہ وہ راہ چلتے خواتین کو ہراساں نہ کر سکیں۔سینئر صحافی حامدمیر نے کہا کہ راہ چلتی اکیلی عورت سے پرس چھیننے اور عورت کے زمین پر گرنے کے منظر سے میرا سر شرم سے جھک گیا ،دو تین موٹر سائیکل سوار مظلوم عورت کے پاس آ کر کھڑے ہو گئے اور ہمدردی کرنے لگے لیکن کسی نے پرس چھیننے والے کا پیچھا نہیں کیا ایسے لوگوں سے مدینہ کی ریاست نہیں بنتی ایسے لوگ کوفہ میں تھے۔
ویڈیو وائرل: راولپنڈی میں راہ چلتی لڑکی کو برقعے سے کھینچ کر گرا دیا گیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
