اسلام آباد، سینیٹ منصوبہ بندی کمیٹی کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے ایوان بالا کی خزانہ کمیٹی کو بجٹ سفارشات پیش کر دیں ، سفارشات میں کہا گیا کہ سیٹ ٹاپ باکسز،ٹی وی براڈکاسٹ ،ٹرانسمیٹر، سیٹلائٹ سگنلز کے ریسپشن ،اپاریٹس ایوی ایشن کی صنعت پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی پر نظر ثانی کی جائے،سفری کلومیٹر کے حساب سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا تعین کیا جائے، ایکسائز ڈیوٹی، صوبائی سیلز ٹیکس کو مدنظر رکھ کر عائد کی جائے،جہاز آپریٹنگ کمپنیوں سے منافع کے مطابق ٹیکس لیا جائے۔
سفارشات میں مزید کہا گیا کہ اشیا خوردونوش پر سیلز ٹیکس کم کیا جائے،اشیا خوردونوش پر سیلز ٹیکس کی شرح 17 سے کم کر کے 8.5 فیصد کی جائے۔سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے سینیٹ خزانہ کمیٹی میں ریٹائرمنٹ کی عمر میں دو سال اضافے کی تجویز بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کو طبی آلات کی درآمد پر 7 سال ڈیوٹی چھوٹ دی جائے، ڈیوٹی چھوٹ سے ہسپتال جدید طبی آلات منگوا سکیں گے،نئی قانون سازی تک سپیشل ٹیکنالوجی زون کو خام مال کی درآمد پر چھوٹ ختم کی جائے،رجسٹرڈ فلم ساز کمپنیوں کو 5 سال کیلئے ودہولڈنگ ٹیکس چھوٹ دی جائے،ایس آر اوز میں ترمیم کر کے 3 سال کیلئے ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کی جائے۔
