Monday, June 15, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومبریکنگ نیوزقومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا، اپوزیشن کا احتجاج

قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا، اپوزیشن کا احتجاج

اسلام آبا'(سب نیوز )قومی اسمبلی کے اجلاس میں مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین نے حلف اٹھا کر ممبرز آف رول پر دستخط کردیے، اجلاس کے دوران اپوزیشن اراکین نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہوکر احتجاج کیا۔قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت شروع ہوا، جس میں تلاوت، حمد و ثنا اور نعت خوانی کے بعد سنی اتحاد کونسل کے رکن شاہد خٹک نے کورم کی نشاندہی کی، جس پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ممبران اسمبلی گنتی کی ہدایت کی۔

بعد ازاں مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین نے حلف اٹھایا جن سے اسپیکر قومی اسمبلی نے حلف لیا۔حلف کے دوران سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہوکر مسلسل احتجاج کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف شیم شیم کے نعرے لگائے، جس پر اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ میرے خلاف شیم کے نعرے لگانے کا شکریہ۔

بعد ازاں منتخب ارکان نے حلف کے بعد ممبرز آف رول پر دستخط کردیے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج حلف اٹھانے والے توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں، پشاور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں پر حکم امتناع دیا ہوا ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر ارکان سے حلف لینا غیر آئینی اور توہین عدالت ہے، ہم فارم 47 کے تحت زبردستی جتوانے والوں کی مذمت کرتے ہیں اور یہ اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک ہماری 180 ممبرز اسمبلی میں نہیں آتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کی عالمی دن پر غیر آئینی حلف لے کر خواتین کی مخصوص نشستوں پر ڈاکا مارا گیا۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم کے باوجود ہمیں عمران خان سے نہیں ملنے دیا گیا، اڈیالہ جیل کے حکام نے ہمیں ملنے سے روکا، کیا جیل سپرنٹنڈنٹ آئین کے تابع آتا ہے کہ نہیں؟۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ خواتین کا کوٹا ملنے تک ہم احتجاج کرتے رہیں گے، اسپیکر صاحب یہ نظام اس طرح نہیں چل سکتا، جس ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں وہ ملک کیسے چلے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔