اسلام آباد(سب نیوز)صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی)عاطف اکرام شیخ نے امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کو نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پوری دنیا کے لیے بڑی خوشخبری قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا مثبت کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ان کے مطابق خطے میں کشیدگی کے خاتمے سے تجارتی سرگرمیوں میں بہتری اور عالمی معیشت میں استحکام آئے گا۔عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان معاہدے کے نتیجے میں عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی خوش آئند ہے، جس کا براہ راست فائدہ پاکستانی عوام اور کاروباری برادری کو منتقل کیا جانا چاہیے۔انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری اور نمایاں کمی کا اعلان کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ان کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی کا دبا وکم ہوگا اور کاروباری لاگت میں واضح کمی آئے گی، جس سے عوام کو حقیقی ریلیف حاصل ہوگا۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے مزید کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی سے صنعت، تجارت، ٹرانسپورٹ اور زرعی شعبے کو فائدہ پہنچے گا اور معاشی سرگرمیاں مزید تیز ہوں گی۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ عالمی منڈی میں آنے والی مثبت تبدیلیوں کا مکمل فائدہ عوام اور کاروباری برادری تک منتقل کرے۔

