Friday, June 19, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومپاکستانوفاقی بجٹ عوامی امنگوں کے برعکس، مایوس کن اور غریب دشمن ہے، ڈاکٹرطارق سلیم

وفاقی بجٹ عوامی امنگوں کے برعکس، مایوس کن اور غریب دشمن ہے، ڈاکٹرطارق سلیم

اسلام آباد (سب نیوز)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ عوامی امنگوں کے برعکس، مایوس کن اور غریب دشمن ہے،جماعت اسلامی ظالمانہ ٹیکسوں، مہنگائی اور عوام دشمن معاشی پالیسیوں کے خلاف بھرپور عوامی تحریک چلائے گی، حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں عوامی حقوق کے حصول کی جدوجہد مزید تیز کی جائے گی اور ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا

انھوں نے کہا ”بدل دو نظام” ممبرشپ مہم میں لاکھوں افراد کی شمولیت موجودہ کرپٹ نظام کے خلاف عوامی ریفرنڈم کی حیثیت رکھتی ہے جبکہ عوام کی جوق در جوق جماعت اسلامی میں شمولیت حقیقی تبدیلی کی نوید ہے، جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد قرآن و سنت کے عادلانہ نظام کا قیام، عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ اور ملک کو اسلامی، فلاحی اور خوشحال ریاست بنانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جہلم میں بنو قابل انٹری ٹیسٹ امتحان میں بطورمہمان خصوصی شرکت کے موقع پر شر کا سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا۔ اس موقع پرامیرضلع جہلم ڈاکٹرقاسم محمود چوہدری، صدرالخدمت حبیب رضا بٹ، ڈائریکٹر بنو قابل پروگرام فیاض بٹ قرطبی، ممبرپنجاب بارکونسل شیخ اکرام الحق ایڈووکیٹ، مظاہرالاسلام ودیگربھی موجود تھے۔

ڈاکٹرطارق سلیم نے کہا حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی مہنگائی، بے روزگاری، ظالمانہ ٹیکسوں اور استحصالی معاشی نظام کے خلاف بھرپور عوامی تحریک کا آغاز کرنے جا رہی ہے، وفاقی بجٹ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 17 ہزار ارب روپے کا بجٹ الفاظ کا گورکھ دھندہ اور عوام کے ساتھ بڑا دھوکہ ہے، بجٹ میں عام آدمی، تنخواہ دار طبقے اور سرکاری ملازمین پر مزید مالی بوجھ ڈالا گیا ہے جبکہ اشرافیہ کو حسب روایت تحفظ فراہم کیا گیا ہے، انھوں نے کہا جماعت اسلامی عوامی حقوق کے تحفظ، مہنگائی کے خاتمے اور ملک کو سودی و استحصالی معاشی نظام سے نجات دلانے کے لیے ہر فورم پر جدوجہد جاری رکھے گی، نوجوانوں جماعت اسلامی کا ممبر بن کر اسلامی، فلاحی اور خوشحال پاکستان کی تحریک کا حصہ بنیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔