اسلام آباد (سب نیوز)برطانوی وزیر اعظم کیر اسٹارمر نے امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کا گرمجوشی سے خیرمقدم کرتے ہوئے اسے جنگ کے خاتمے اور علاقائی استحکام کے لیے ایک انتہائی اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
اپنے ایک سرکاری بیان میں برطانوی وزیر اعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ساتھ پاکستان، قطر اور دیگر ثالثوں کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کی جن کی کوششوں سے یہ ڈیڈ لاک ختم ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ طویل عرصے سے خطے میں کشیدگی کم کرنے پر زور دے رہا تھا اور یہ معاہدہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
کیر اسٹارمر نے زور دیا کہ اب تمام تر توجہ مفاہمت کی اس یادداشت پر مکمل عمل درآمد اور جوہری معاہدے کے تفصیلی نکات کو حتمی شکل دینے پر ہونی چاہیے تاکہ آبنائے ہرمز کو مستقل طور پر بحال رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اس سلسلے میں شروع ہونے والے تکنیکی مذاکرات کی مکمل حمایت کے لیے تیار ہے تاکہ خطے میں ایک دیرپا اور پائیدار امن قائم ہو سکے۔
