اسلام آباد،راولاکوٹ(آئی پی ایس)آزادجموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن و پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء و امیدوار اسمبلی حلقہ پانچ سردار صغیر چغتائی کی گاڑی آزادپتن کے مقام پر حادثے کا شکار ہو کر دریائے جہلم میں جا گری۔ سردار صغیر چغتائی کے ساتھ انکا پرسنل سیکرٹری احتشام سعید کیانی اور ڈرائیور بھی موجود تھے۔ گاڑیوں کے تصادم میں دوسری گاڑی بھی دریا میں جا گری ، ایک شہری جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوا، زخمی کو کہوٹہ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔پاکستان نیوی کی ریسکیو ٹیموں ، ایس ڈی ایم اے کی ریسکیو ٹیم ، مقامی رضاکاروں نے گاڑی کی تلاش کیلئے کئی گھنٹوں تک سرچ آپریشن جاری رکھا جو شام چھ بجے تک جاری رہا۔ہیلی کاپٹرکی مدد سے بھی متاثرین کو تلاش کرنے کی کوشش کی گئی جبکہ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں اور مقامی رضاراوں نے دن بھر تلاش جاری رکھی لیکن نہ ہی دونوں گاڑیوں کا سراغ لگایا جا سکا اور نہ ہی لاپتہ تینوں افراد کو تلاش کیا جا سکا۔سردار صغیر خان کے بھتیجے معاون اعلیٰ وزیر اعلی پنجاب و پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما سردار تنویر الیاس خان ، سردار صغیر خان کے فرزند احمد صغیر سمیت خاندان کے افراد، سینئر صحافی سید خالد گردیزی، شہزاد خان سمیت ہزاروں افراد جائے حادثہ پر پہنچ گئے،جائے حادثہ پر ممبر اسمبلی سردار حسن ابراہیم، دیوان علی چغتائی سمیت اہم سیاسی ، سماجی ، صحافتی رہنماوں، سدھنوتی ، پونچھ کی ضلعی انتظامیہ ، پولیس آفیسران سمیت سینکروں افراد موجود تھے۔ سردار صغیر خان کی گاڑی کے ساتھ صبح 7 بجے کے قریب پیش آنے والے حادثے کی اطلاع آزادکشمیر ، پاکستان سمیت پوری دنیا میں پھیل گئی، ریاست بھر میں سوگ کی کیفیت ہے اور سردار صغیر خان سے جڑا ہر فرد صدمے کا شکار اور اشکبار ہے۔حادثہ جمعة المبارک کی صبح سویرے آزادپتن پل کے نزدیک پنجاب کی حدود میں پیش آیا ،شام گئے تک لاپتہ گاڑیوں اور ان میں موجود افراد کا سراغ نہیں مل سکا، پانی کا بہاﺅ بہت تیز ہونے کے باعث امدادی کاروائیوں میں دشواری کا سامنا ہے، یونین کونسل بنگوئیں سمیت اس علاقے کے تعلیمی ادارے فوری طور پر بند کر دیئے گئے۔آزادکشمیر بھر کی سیاسی قیادت نے سردار صغیر خان کے ساتھ پیش آنے والے اس سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انکے خاندان سے اظہار افسوس کیا ہے۔آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی اور آزادکشمیر کی مختلف جماعتوں کے قائدین ، سیاسی ، مذہبی رہنماﺅں نے بھی سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگ منانے سمیت الیکشن مہم کو موخر کردیا۔دوسری جانب آزادکشمیر کی اہم سیاسی جماعتوں کے رہنماوں ، وفاقی حکومت کے ذمہ داران ، پی ٹی آئی کی مرکزی اور آزادکشمیر کی قیادت نے اظہار افسوس کرتے ہوئے سردار صغیر کے خاندان سے یکجہتی کیلئے سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔
تحریک انصاف کے امیدوار اسمبلی حلقہ پانچ سردار صغیر چغتائی دریائے جہلم کی موجوں میں تاحال لاپتہ، سرچ آپریشن موخر
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
