اسلام آباد:یوم آزادی کے موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے 304 پاکستانیوں اور غیر ملکیوں کو اعزازات کے لیے منتخب کرلیا گیا۔متعلقہ شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے پر اعزاز دینے کی تقریب 23 مارچ 2024 کو ہوگی۔جن شخصیات کو اعزاز سے نوازا جائیگا ان میں 2 سابق وزرائے اعلی شامل ہیں، انٹیلی جنس بیورو اور پولیس کے انسداد دہشت گردی یونٹ کے افسران بھی اعزاز پانے والوں میں شامل ہیں، اعزاز پانے والوں میں ماہر تعلیم، سائنسدان، شاعر، صحافی اور اداکار بھی شامل ہیں، سعودی وزیر دفاع اور معاون وزیر دفاع، چینی نائب وزیراعظم اور سفارت کار کو بھی اعزاز عطا کیا جائیگا۔
منتخب ہونے والوں میں شاعر افتخار عارف، سابق ہاکی کپتان اصلاح الدین، سابق وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ، سینیٹر راجہ ظفرالحق، سابق گورنر اسٹیٹ بینک شمشاد اختر کو نشان امتیاز دیا جائیگا، سعودی شہزادہ خالد بن سلمان، چینی نائب وزیراعظم ہی لیفنگ کو ہلال پاکستان عطا کیا جائیگا، سعودی عرب کے وزیردفاع انجینیئر طلال بن عبداللہ العتیبی کو ستارہ پاکستان سے نوازا جائیگا۔ہلال قائداعظم 4 چینی سفارت کاروں لو ژاوہوئی، ننگ جیژے، نونگ رونگ اور شازوکونگ کو دیا جائیگا۔
انسداد دہشت گردی کے 13 شہدا سمیت 18 اہلکاروں کو ستارہ شجاعت دیا جائیگا، آئی بی کے3 افسران طارق محمود، عامرنسیم اور ماجد سلیم ملک کو ستارہ شجاعت دیا جائے گا، آئی جی کے پی اختر حیات خان اور ڈی آئی جی کراچی مقدس حیدرکو ستارہ شجاعت دیا جائیگا۔17 پاکستانیوں کو ہلال امتیاز سے نوازا جائیگا، چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد، گلوکار راحت فتح علی سمیت17 پاکستانیوں کو ہلال امتیاز دیا جائیگا۔
معروف شاعر انور مسعود، اخوت فانڈیشن کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب کو ہلال امتیاز سے نوازا جائیگا، ٹریفک حادثے میں جاں بحق سابق وفاقی وزیر مفتی عبدالشکور کے لیے بھی ہلال امتیاز کا اعلان کیا گیا ہے۔فلم ڈائریکٹر سرمد سلطان کھوسٹ سمیت 50 کے قریب افراد کو ستارہ امتیاز سے نوازا جائیگا، سابق وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو، صحافی واصف ناگی، ڈی جی نیب وقار چوہان کو ستارہ امتیاز دیا جائیگا۔مفتی منیب الرحمان، مرزا اختیاربیگ،کوہ پیمانائلہ کیانی، فہد ہارون اور دیگر کو ستارہ امتیاز سے نوازا جائیگا۔ صحافیوں خالد مسعود خان، سہیل وڑائچ، سلمان غنی کو بھی ستارہ امتیاز سے نوازا جائیگا۔ مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والے تقریبا 118 شہریوں کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائیگا۔ صحافی غریدہ فاروقی، وقارستی، فاروق عادل، فہد حسین اور سلیم بخاری کوبھی تمغہ امتیاز سے نوازا جائیگا۔
