ہومبریکنگ نیوزانڈونیشین سفارتخانے میں یومِ آزادی کی تقریبات کی تیاری، روایتی کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد

انڈونیشین سفارتخانے میں یومِ آزادی کی تقریبات کی تیاری، روایتی کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد

اسلام آباد(آئی پی ایس )پاکستان میں انڈونیشیا کے سفارتخانے نے انڈونیشیا کے 81ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ایک کمیونٹی ایونٹ کا انعقاد کیا، جس میں پاکستان بھر سے سینکڑوں انڈونیشین شہریوں اور ان کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔تقریب میں روایتی انڈونیشین کھیلوں، کھیلوں کے مقابلوں، ثقافتی سرگرمیوں اور مختلف روایتی کھانوں کے ذریعے انڈونیشین کمیونٹی کو یکجا کیا گیا۔

تقریب کا آغاز سفارتخانے کے گارودا لان میں کمیونٹی جم سیشن سے ہوا، جس کی قیادت انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے انڈونیشین طالب علم رامہ فوزان اور پاکستانی طالبہ مریم نے کی۔پاکستان میں انڈونیشیا کے سفیر چاندرا ڈبلیو سکوٹجو نے اپنی اہلیہ تمارا وائی سکوٹجو کے ہمراہ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر سفارتکاروں، طلبہ، صحافیوں، پائلٹس، بین الاقوامی اداروں کے ملازمین اور پاکستان میں مقیم انڈونیشین شہریوں سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ افراد موجود تھے۔

اپنے خطاب میں سفیر سکوٹجو نے کہا کہ یہ اجتماع پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان مضبوط عوامی روابط اور دیرینہ دوستی کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے انڈونیشین شہریوں کو سفارتخانے کو اپنا گھر سمجھنے کی دعوت دی۔ شرکا میں کالمانتان کے بٹک ڈیزائن سے مزین سرخ و سفید شرٹس بھی تقسیم کی گئیں، جبکہ فوڈ بازار میں ناسی پادانگ، سیومے، باکسو، ایس چنڈول اور دیگر روایتی انڈونیشین پکوان پیش کیے گئے۔روایتی کھیلوں میں بوری دوڑ، رسہ کشی اور ٹماٹر ڈانس شامل تھے، جن میں بچوں اور بڑوں نے بھرپور حصہ لیا۔ اس کے علاوہ بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، والی بال اور فٹسال کے مقابلے بھی منعقد ہوئے۔

پاکستان میں انڈونیشین اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے سربراہ محسن ناصر نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں انڈونیشین طلبہ کو وطن سے دور رہتے ہوئے اپنی ثقافت اور کمیونٹی سے جڑے رہنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ سفارتخانے نے تقریب کو کامیاب بنانے پر منتظمین، رضاکاروں، شرکا اور اسپانسرز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ 81ویں یومِ آزادی کی مرکزی تقریبات کی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔