اسلام آباد،اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ یوم مئی ہمیں محنت کش طبقے کی خدمات کو سراہنے کا موقع فراہم کرتا ہے جو ملکی تعمیر و تر قی میں اہم ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ظلم و ستم، استحصال اور ناانصافی کے خلاف شکاگو میں جاں بحق ہونے والوں کی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے ہم مزدور طبقے کی ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن پاکستانی مزدور طبقہ کے کردار، صلاحییتوں، کام سے لگا، ملک کی خوشحالی اور ترقی پسند قوم کے عزم کی علامت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم مئی کے موقع پر کیا جو ہفتہ کے روز دنیا بھر میں منایا جا رہا ہے۔اسپیکر نے کہا کہ محنت کش طبقہ کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے لہذا ہم پر لازم ہے کہ ان کی فلاح و بہبود اور ان کی خدمات کے معاوضے کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام مہذب معاشروں نے قانون سازی کے ذریعے اپنے محنت کش طبقے کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کو یقینی بنایا۔ اسپیکر نے کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے مزدور دوست پالیسیاں وضع کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی ترقی کے لیے حقوق اور فرائض میں توازن انتہائی ناگزیرہے۔انہوں نے مزدور برادری کو یہ پیغام دیا کہ وہ ملک کی تر قی اور خوشحالی کے لیے محنت و جانفشانی سے اپنا کردار ادا کر تے رہیں۔اسپیکر کا مزید کہنا تھا کہ کرونا وبا کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہونے والا دہاڑی دار طبقہ ہے جو محنت مزدوری کرکے اپنا اور اپنے اہل وعیال کا پیٹ پالتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی وہ اس مشکل کی گھڑی میں محنت کش برادری کی دل کھول کر مدد کریں۔ انہوں نے مزدور برادری سے اپیل کی کہ وہ اپنے کام کے دوران کرونا ایس او پیز کا خاص خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا پورے ملک میں لاک ڈان نا کرنا ایک احسن اقدام ہے کیوں کہ اس سے دہاڑی دار طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوگا۔ انہوں نے مزدور طبقہ کو کم قیمت پر رہائش فراہم کرنے کو ایک نہایت احسن قدم اور ان سے کیے گئے واعدے کی تکمیل قرار دیا۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے یوم مئی کے موقع پر اپنے پیغام میں دنیا بھر کی افرادی قوت کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ افرادی قوت کسی بھی ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں موجودہ جمہوری حکومت مزدور برادری اور ان کے خاندانوں کے فلاح وبہبود کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے مزدور طبقے کے حقوق کے تحفظ اور انہیں بہتر معیار زندگی کی فراہمی کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ تاہم انہوں نے مزدور برادری سے اپیل کی کہ وہ اپنے کام کے دوران کرونا ایس او پیز کا خاص خیال رکھیں تاکہ اس وبا کے نقصان سے بچا جاسکے۔
