ہومپاکستانوزیراعظم شہباز شریف سے صدر آزاد کشمیر نجیب نقی کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کی یقین دہانی

وزیراعظم شہباز شریف سے صدر آزاد کشمیر نجیب نقی کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے صدر آزاد جموں کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان نے ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنے، عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے اور کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد کے لیے پاکستان کی حمایت سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کو صدر آزاد جموں و کشمیر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے آزاد جموں و کشمیر میں ترقیاتی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ملنے تک ان کی حمایت جاری رکھے گا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیری عوام کو ان کے جائز حقوق ملنے تک ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ خان بھی موجود تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔