استنبول (سب نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے استنبول میں جرمنی کے وزیر خارجہ وہان واڈے فیہول سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور جرمنی کے تعلقات مزید مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات آر فور اور جرمنی، فرانس، اٹلی اور برطانیہ پر مشتمل ای فور کے وزارتی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور عالمی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور ابھرتے ہوئے علاقائی چیلنجز سے نمٹنے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور مسلسل عالمی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار نے آر فور فریم ورک کے ساتھ جرمنی، فرانس، اٹلی اور برطانیہ کے تعمیری روابط کا خیرمقدم کیا اور مشترکہ تشویش کے امور پر مسلسل مشاورت اور سفارتی رابطہ کاری کی اہمیت اجاگر کی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلسل روابط اور مختلف شعبوں میں تعاون کے ذریعے پاکستان اور جرمنی کے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
اسحاق ڈار کی جرمن وزیر خارجہ سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
