لاہور (سب نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے 12ویں ایڈیشن کے لیے ابتدائی شیڈول اور کھلاڑیوں کے انتخاب و نیلامی کا لائحہ عمل جاری کردیا ہے۔ پی ایس ایل 12 کا آغاز 18 مارچ 2027 کو ہوگا، جبکہ فائنل 2 مئی کو کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے 44 میچز 46 روز کے دوران 5 سے 6 مختلف مقامات پر منعقد ہوں گے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پی ایس ایل 12 کی تمام 8 فرنچائزز کے لیے کھلاڑیوں سے براہ راست معاہدوں کا مرحلہ آج 23 اکتوبر سے شروع ہوگیا ہے، جو 23 نومبر 2026 تک جاری رہے گا۔ہر فرنچائز کو ایک ایسے نمایاں کھلاڑی سے براہ راست معاہدہ کرنے کی اجازت ہوگی جس نے پی ایس ایل کے 10ویں یا 11ویں ایڈیشن میں شرکت نہ کی ہو۔
پی ایس ایل 12 کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی 23 جنوری 2027 کو ہوگی، جبکہ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 44 میچز کھیلے جائیں گے، جن میں 40 لیگ میچز اور 4 پلے آف مقابلے شامل ہوں گے۔پی سی بی کے مطابق 23 اکتوبر 2026 سے تمام فرنچائزز کے لیے براہ راست معاہدوں کا آغاز ہوگیا ہے، جبکہ ان معاہدوں کو حتمی شکل دینے کی آخری تاریخ 23 نومبر مقرر کی گئی ہے۔اگلے ہفتے پی ایس ایل کی کرکٹ ورکشاپ منعقد کی جائے گی، جس میں کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کی آخری تاریخ، نیلامی سے قبل کھلاڑیوں کے تبادلے کی مدت، نیلامی کے قواعد اور کھیل کی شرائط کو حتمی شکل دی جائے گی۔کھلاڑیوں کی نیلامی 23 جنوری 2027 کو منعقد ہوگی، ٹورنامنٹ کا افتتاح 18 مارچ کو ہوگا اور فائنل 2 مئی 2027 کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک میں کرکٹ کے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے ڈومیسٹک مقابلوں کے شیڈول کو بھی پی ایس ایل کے سیزن سے قبل کی سرگرمیوں کے ساتھ باضابطہ طور پر منسلک کردیا ہے۔اس فیصلے کے تحت نیشنل ٹی 20 گولڈ اور نیشنل ٹی 20 سلور ٹورنامنٹس پی ایس ایل 12 کی نیلامی سے قبل نئے کھلاڑیوں کی شناخت اور انتخاب کے لیے بنیادی مقابلوں کی حیثیت رکھیں گے۔ان ٹورنامنٹس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ سے پی ایس ایل میں جگہ بنانے اور بعد ازاں قومی ٹیم کے لیے زیر غور آنے کا واضح موقع فراہم کیا جائے گا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کا سب سے بڑا پلیٹ فارم ہے اور اس کا 12واں ایڈیشن اب تک کا سب سے زیادہ پرعزم ایڈیشن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 11 کا اختتام ریکارڈ تماشائیوں کی موجودگی میں ہوا تھا اور اب اسی کامیابی کو آگے بڑھاتے ہوئے لیگ کو پہلے سے زیادہ شہروں تک لے جانے کی تیاری کی جارہی ہے۔محسن نقوی کے مطابق پی ایس ایل 12 کے لیے طے کیے گئے لائحہ عمل کے جن حصوں کا آج اعلان کیا گیا ہے، ان سے فرنچائزز، کھلاڑیوں، تجارتی شراکت داروں اور نشریاتی اداروں سمیت تمام متعلقہ فریقوں کو اعلی سطح پر منصوبہ بندی کرنے میں آسانی ہوگی۔انہوں نے کہاکہ لیگ کے اگلے ایڈیشن کی بنیادی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور ایک دلچسپ سیزن کے انعقاد کے لیے پرامید ہیں۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کہاکہ لیگ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مقابلے 5 سے 6 مختلف مقامات پر منعقد کیے جائیں گے، جس سے پاکستان کے مزید شہروں کے شائقین کو اعلی معیار کی ٹی 20 کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ آج سے پی ایس ایل 12 کے لیے بہترین اسکواڈ تشکیل دینے کی دوڑ شروع ہوچکی ہے۔ آئندہ ہفتوں میں کھلاڑیوں سے براہ راست معاہدوں، تبادلوں اور برقرار رکھنے کے فیصلوں سے ان ٹیموں کی تشکیل ہوگی جو مارچ میں میدان میں اتریں گی۔سلمان نصیر نے امید ظاہر کی کہ پی ایس ایل کا آئندہ ایڈیشن لیگ کو کامیابی کی نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔
پی ایس ایل 12،کھلاڑیوں کی نیلامی کی تاریخ کا اعلان، میچز 6 شہروں میں کرانے کا فیصلہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
