اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی ترقیاتی ادارہ( سی ڈی اے)انتظامیہ کی جانب سے انسداد تجاوزات اور غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔اسی ضمن میں گزشتہ روز آئی جے پی روڈ منڈی موڑ پر 22 غیر قانونی ٹھئے ختم کروا دیئے گئے،تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے قیمتی سرکاری اراضی واگزار کروالی گئی ۔تفصیلات کے مطابق شہر اقتدار میں وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے )کی جانب سے انسداد تجاوزات مہم زوروشور سے جاری ہے۔اسی ضمن میں گزشتہ روز ادارہ ہذا کے شعبہ انفورسمنٹ نے آئی جے پی روڈ پر آپریشن کرتے ہوئے 22ٹھئے ختم کروا دیئے گئے اور قیمتی سرکاری اراضی و سڑک واگذار کروا لی گئی جبکہ کچہ سٹاپ پر تین ریت بجری کے ٹھئے بھی مسمار کر دئیے گئے ہیں، گرین بیلٹ میں موجود سی ڈی اے کی ناکارہ مشینری تین ٹرکوں پر لوڈ کر کے سی ڈی اے سٹور میں جنع کروا دیا گیا ہے۔دوسری طرف شعبہ انفورسمنٹ نے موضع نڑیل بری امام میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کرتے ہوئے وویل ڈوزر کی مدد سے8کمرے،16چاردیواریاں،3 بیت الخلا، 3کچن اور 2نئی ڈی پی سی کو مسمار کرکے سرکاری اراضی واگزار کروالی گئی ہے۔ڈھوک ٹاہلی بری امام میں دوران آپریشن غیر قانونی تعمیر کئے گئے 3کمرے،3چاردیواریاں،بیت الخلا، کچن مسمار کئے گئے۔سابقہ آپریشن کے تسلسل میں رمشا کالونی میں غیر تعمیر شدہ 2نئے تعمیر شدہ گھر ،4چار دیواریاں ،3 کمرے، ایک کچن،1بیت الخلا،2چاردیواریاں مسمار کرکے انتہائی قیمتی سرکاری اراضی واگزار کروا لی گئی ہے،سی ڈی اے انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن بلا تفریق جاری رہے گا۔
سی ڈی اے کاغیرقانونی تعمیرات کیخلاف آپریشن ،منڈی موڑ پر 22 غیر قانونی ٹھئے مسمار
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
