اسلام آباد(سب نیوز )سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کیس کی دوسری سماعت کا حکم نامہ جاری کردیا،حکم نامے کے ساتھ جسٹس یحی آفریدی کا اضافی نوٹ بھی شامل ہے۔ سویلین کے فوجی ٹرائل کیخلاف درخواستوں پر جسٹس یحی آفریدی کا نوٹ شامل ہے۔جسٹس یحیی آفریدی کے مطابق سویلین کے ٹرائل کے خلاف درخواستوں پر فل کورٹ تشکیل دیا جائے،فل کورٹ بناکر سویلین ٹرائل بارے درخواستیں فل کورٹ کے سامنے مقررکی جائیں،عدالتی نظام کا انحصار عوامی اعتماد پر ہے،موجودہ حالات میں حکومت اپنی مدت پوری کررہی ہے اور عوام نئے انتخابات کی تیاری کررہے ہیں،ایسے حالات میں اس بینچ پر سیاسی چہ مگوئیاں ہورہی ہیں،عدالت میں ہم آہنگی کے قیام،ادارے کی سالمیت اورعوام کے اعتماد کیلیے فل کورٹ تشکیل دیا جا
ئے،میں سینئرجج جسٹس فائزعیسی کے بینچ پر اعتراضات سے نہ اتفاق کرتا ہوں اور نہ اختلاف،موجودہ حالات میں ناگزیر اور سنجیدہ معاملہ بینچ کے اپنے ممبران کے اعتراض کا ہے،عدالتی کاروائی کے اس مرحلے پرسینئرترین جج کے اعتراضات کی قانونی حیثیت بارے کچھ نہیں کہنا چاہتا،بینچ پر اعتراض کا سینئر ترین جج کا نوٹ اب پبلک ہوچکا ہے،ان حالات میں چیف جسٹس بینچ کی تشکیل کے معاملے پر دوبارہ اور فوری غور کریں،فل کورٹ کے بغیر درخواستوں پر آنے والا فیصلے سے اس کی وقعت اور قدرکم ہوگی،بینچ کی تشکیل کا معاملہ دوبارہ دیکھنے سے ممکن ہے عدالتی نظام پرعوامی اعتماد بحال ہو۔
