کراچی (سب نیوز)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)پاکستان نے کراچی میں مردم شماری کے نتائج مسترد کردئیے۔کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران رہنما ایم کیو ایم مصطفی کمال نے کہا کہ مردم شماری ہماری نسلوں کی زندگی اورموت کامسئلہ ہے، مردم شماری کے معاملے پر وزیراعظم سے میٹنگ کی ہے۔
مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ خالد مقبول نے معاملے پر وفاقی وزیر احسن اقبال کو خط لکھا ہے، خط میں لکھا ہے ڈیجیٹل سروے کیا جائے، کراچی کی آبادی کو کم دکھایاگیا ہے، اپنی نظروں کو بنیادی مسائل سے نہیں ہٹاسکتے۔رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ سندھ کے50فیصد لوگ کراچی میں رہتے ہیں، مردم شماری میں جیکب آباد کی آبادی49فیصد بڑھی ہے، کشمور 38، شکار پور 36 اعشاریہ 5، لاڑکانہ کی آبادی25 اعشاریہ5 فیصد بڑھی جبکہ کراچی کی آبادی19 اور حیدرآباد کی آبادی صرف 18 فیصد بڑھی ہے۔
