لاہور(سب نیوز)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج مختلف کیسز میں نیب اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے۔ سابق وزیراعظم زمان پارک لاہور سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی 190 ملین ڈالر کے مبینہ کرپشن کے کیس میں احتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔
سابق وزیراعظم زمان پارک لاہور سے سخت سیکیورٹی میں اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگئے، عمران خان کے ہمراہ ایلیٹ فورس کی سیکیورٹی بھی موجود ہوگی۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ہمراہ ان کے وکلاء کی ٹیم بھی اسلام آباد جائے گی۔دوسری جانب عمران خان کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس میں سیکیورٹی کے انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ 9 مئی کو سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نیب نے رینجرز کی بھاری نفری کی مدد سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے اندر سے گرفتار کرلیا تھا، جس کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے شروع ہوگئے تھے۔
