اسلام آباد:وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ 9 مئی کو ریاست کیخلاف بغاوت ہوئی، پرتشدد واقعات میں ملوث لوگ ذہنی اور نظریاتی طور پر پاکستانی نہیں تھے۔ لاہور میں جناح ہاس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ فوجی تنصیبات کو مسخ کرنا ناقابل معافی ہے،جو ریڈلائنز 9 مئی کو کراس ہوئیں اس سے قبل کسی نے سوچا بھی نہ تھا۔
وزیردفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کبھی فوجی قیادت کونشانہ بنانے کا موقع نہیں چھوڑا، عمران پرحملہ ہوا کوئی ری ایکشن نہیں آیا گرفتاری پر کیوں آیا، یہ سب کچھ اچانک نہیں،پلاننگ کے تحت کیا گیا۔ یہ ایک باقاعدہ ترتیب دی گئی بغاوت تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جناح ہاس پرحملہ ہوا،تباہی پھیلائی گئی، جناح ہاس کو بے دردی سے آگ لگائی گئی، جناح ہاس میں بھی قائداعظم کی تصاویر کو جلایا گیا ان کے پیانو کو بھی خراب کیاگیا۔
