قاہرہ ،مصر کی عدالتی تاریخ کا انوکھا واقعہ، جج نے اپنے ہی خلاف سزا کا فیصلہ سنا دیا۔دوسروں کے خلاف کیسز کے فیصلے سنانا تو ججوں کا کام ہے مگر کوئی جج اپنے ہی خلاف فیصلہ سناتے ہوئے خود کو جرمانہ کی سزا سنائے یہ حیران کن ہے۔ مگر مصر میں ایک عدالت کے جج نے خود کو سزا دے کر سب کو حیران کردیا۔مصر کی عدالتی تاریخ میںیہ اپنی نوعیت کا انوکھا ترین واقعہ ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسٹیٹ کونسل کے وائس چیئرمین جسٹس محسن کلوب نے ایک کیس کی سماعت کے دوران اپنے موبائل فون کی گھنٹی بجنے پر خود کو جرمانہ کی سزا سنائی۔مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق اسوان میں قائم انتظامی عدالت کے جج نے خود کو 500 مصری پاونڈ جرمانہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مقدمے کی سماعت کے دوران ان کے موبائل فون کی گھنٹی بج اٹھی جس کے نتیجے میں ان کی توجہ مقدمہ سے ہٹ گئی۔ انہوں نے فورا خود کو اس کا قصور وار قرار دیتے ہوئے پانچ سو پاونڈ کا جرمانہ کر دیا۔جسٹس محسن کلوب کے اس اقدام پر دوسرے جج صاحبان، وکلا اور عام شہری بھی حیران رہ گئے کہ ایک جج مقدمات میں سماعت میں اس حد تک سنجیدہ ہے کہ اپنے موبائل فون کی گھنٹی بجنے پر خود ہی کو مستوجب سزا قرار دیتا ہے۔خیال رہے کہ جسٹس کلوب دوسرے جج حضرات اور وکلا کو مقدمات کی سماعت کیدوران اپنے فون بند رکھنے کی تاکید کرتے رہتے ہیں۔
مصر کی عدالت کاانوکھا واقعہ، جج نے اپنے ہی خلاف سزا کا فیصلہ سنا دیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔

