کامسیٹس یونیورسٹی نے انگلش کمپوزیشن کے امتحان میں طلباء سے متنازع سوالات پوچھنے والے فیکلٹی ممبر کو برطرف کردیا۔
یونیورسٹی نے معاملے سے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مذکورہ فیکلٹی ممبر کی خدمات ختم کردی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ یونیورسٹی کے بیچلر آف الیکٹرک انجینئرنگ (بی ای ای) کے طلباء حالیہ انگریزی امتحان میں ایک انتہائی قابل اعتراض سوال پڑھ کر ”حیران“ رہ گئے تھے، اس موضوع پرانہیں 300 الفاظ کا مضمون لکھنے کے لئے کہا گیا تھا۔

جنوری کے آغازمیں ہونے والے اس امتحان کے بعد فیکلٹی ممبر کو 5 جنوری کو برطرف کردیا گیا تھا۔ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے 19 جنوری کو معاملے کا نوٹس لیا جس کے بعد یونیورسٹی کی جانب 2 فروری کو جواب جمع کروادیا گیا تھا۔
کامسیٹس کے ایڈیشنل رجسٹرارنوید احمد خان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بی ای ای انگلش کمپوزیشن کے پرچے میں طالب علموں سے ’انتہائی قابل اعتراض سوال‘ پوچھا گیا۔
نوید احمد خان نے بتایا کہ ریکٹر نے پرچے کے اگلے ہی روز اجلاس طلب کرکے فیکلٹی ممبرسے اس طرح کا متنازع سوال پوچھنے کی وضاحت طلب کی تھی جس پر لیکچرارنے اپنی غلطی تسلیم کی اور یونیورسٹی نے انہیں برطرف کردیا۔
انہوں نے بتایا کہ فیکلٹی ممبر نے وہ سوال گوگل سے ’چوری‘ کیا تھا۔
وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے تحقیقات کے حوالے سے بتاتے ہوئے ایڈیشنل رجسٹرار نے کہا کہ یونیورسٹی کا جواب وزارت کو جمع کرایا جا چکا ہے۔
ایک اور فیکلٹی ممبر نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طلباء سے ایسا سوال کیوں پوچھا گیا اور محکمہ امتحانات اورمتعلقہ محکمہ معاملے سے بے خبرکیوں رہے۔
