لاہور (آئی پی ایس )وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے ضمنی انتخابات میں کامیابی پر راشد بشیر ورک اور اسد حنیف جٹ کو مبارکباد دی ہے۔لاہور سے جاری بیان میں عظمی بخاری نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز کی خدمت کی وجہ سے مسلم لیگ ن ووٹرز کی پہلی ترجیح جماعت بن چکی ہے۔
ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے دونوں امیدواروں نے بڑی لیڈ سے کامیابی حاصل کی۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز دونوں حلقوں میں مسلم لیگ ن کا مقابلہ نامعلوم جماعتوں سے تھا اور تحریک انصاف نے ان کالعدم جماعتوں کے ساتھ مل کر مسلم لیگ ن کے مقابلے میں الیکشن لڑا۔عظمی بخاری نے کہا کہ جن جماعتوں کو ریاست نے کالعدم قرار دیا ہے وہ نام بدل کر کھلے عام سیاسی سرگرمیاں کر رہی ہیں۔
کالعدم جماعتوں کا نام بدل کر سیاست کرنا ریاست کے لیے بہت بڑا امتحان ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو ان کالعدم جماعتوں کی سیاسی سرگرمیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔ اس کالعدم جماعت کے کارندے کتنے بااثر ہیں جو الیکشن کمیشن کے عملے کے سامنے دھاندلی کر رہے تھے۔عظمی بخاری نے کہا کہ تشدد اور دہشت گردی کا بیانیہ ہار گیا ہے، گزشتہ روز گوجرانوالہ اور چیچہ وطنی میں خدمت اور پرفارمنس کا بیانیہ جیتا ہے۔
