ہومپاکستانپاکستان ریلویزنے تاریخ میں پہلی بار 100ارب روپے کا ہدف عبور کر لیا، حنیف عباسی کا رواں سال آمدن 60فیصد بڑھانے کا اعلان

پاکستان ریلویزنے تاریخ میں پہلی بار 100ارب روپے کا ہدف عبور کر لیا، حنیف عباسی کا رواں سال آمدن 60فیصد بڑھانے کا اعلان

اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے نے تاریخ میں پہلی مرتبہ 100 ارب روپے کا ہدف عبور کر لیا ہے اور رواں سال ریلوے کی آمدن 160 ارب روپے تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ریلوے کے مسائل حل کرنے کے لیے 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی ہے اس دوران چھٹیاں بند ہوں گی اور تمام افسران و عملہ فیلڈ میں موجود رہے گا۔
وفاقی وزیر ریلوے نے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر عوام ایکسپریس کی 11 نئی کوچز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور نئی بوگیوں کا معائنہ کیا۔اس موقعے پر اسٹیشن کو رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا جبکہ مسافروں اور ریلوے افسران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ عوام ایکسپریس کو اے اے انٹرپرائزز نے نجکاری کے عمل میں حاصل کیا ہے۔
تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے اے اے انٹرپرائزز کو مبارک باد دی اور کہا کہ یہ وہ عوام ایکسپریس تھی جس کو دیکھنے کا دل نہیں چاہتا تھا تاہم اب اسے بہترین انداز میں تیار کیا گیا ہے۔ اس ٹرین کو کامیاب بنائیں گے اور اسے ناکام بنانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ان کا کہنا تھا کہ عوام ایکسپریس کی نجکاری کے بعد نئی تزئین و آرائش مکمل کر لی گئی ہے اور ٹرین نجی شعبے کے تعاون سے سفر شروع کر رہی ہے۔ مزید ٹرینوں کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا، قراقرم اور ملت ایکسپریس میں بھی مسائل آئے لیکن انہیں درست کر دیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق ٹرینیں نجی شعبے کے حوالے کی جا رہی ہیں۔ ریلوے کی آمدن 88 ارب روپے سے بڑھ کر 115 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے اور رواں سال اسے 160 ارب روپے تک لے جانے کا ہدف ہے۔ریلوے ملازمین کی تنخواہیں باقاعدہ کر دی گئی ہیں جبکہ صفائی کے نظام کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ 60 ریلوے اسٹیشنوں پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔حنیف عباسی نے بتایا کہ ریلوے ورکشاپ لاہور جو 15 سال سے بند تھی اسے بحال کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سنہ 2008 سے بند انجنوں اور پہیوں کی مرمت کرنے والی پانچوں ورکشاپس بھی دوبارہ فعال کر دی گئی ہیں۔انہوں نے انکشاف کیا کہ 40 ٹرینوں میں سے 20 میں مکمل بریکیں موجود نہیں ہیں تاہم ریلوے کے مسائل 31 دسمبر تک حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ دیگر شعبوں کی طرح ریلوے کو بھی نجکاری کی جانب لے جایا جا رہا ہے ریلوے اسپتال آوٹ سورس کرنے جا رہے ہیں، تاہم ریلوے ملازمین کا علاج مفت ہوگا۔ آج ریلوے کے مزدور کا بچہ بھی اچھی تعلیم حاصل کر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسکولوں کے بعد سرکاری اسپتالوں کو بھی نجی شعبے کے تعاون سے چلانے کی بات ہو رہی ہے۔ مسافروں کو معیاری کھانا، فوڈ سیفٹی اور بہتر ماحول فراہم کیا جائے گا۔حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے نے صوبوں کی مشاورت سے مختلف منصوبوں کا آغاز کیا ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے برانچ روٹس پر ٹرین بحال کرنے کا پوچھا تو میں نے کہا 4 اس سال، 4 آئندہ مالی سال میں فعال کر دوں گا۔پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ساتھ معاہدے ہو چکے ہیں جبکہ سندھ برانچ روٹس کو فعال کرنا چاہتا ہے تو اس کے لیے سہولت موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ ریلوے کو بہتر بنانے کے لیے شفافیت کو ترجیح دی جا رہی ہے اور صوبوں کی مشاورت اور تعاون سے ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔