راولپنڈی(آئی پی ایس ) کنٹونمنٹ بورڈ کے زیرِ اہتمام کینٹ کے رہائشیوں کو معیاری، صاف اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے جاری تین روزہ خصوصی فوڈ سیفٹی، ہائیجین اور عوامی آگاہی مہم کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔یہ مہم ہیڈکوارٹر ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس کی ہدایات اور کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر عامر رشید کی براہِ راست نگرانی میں منعقد کی گئی، جس کا مقصد خوراک کے معیار کو بہتر بنانا اور عوام میں حفظانِ صحت کے اصولوں سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا۔
مہم کے آخری روز اسسٹنٹ ہیلتھ آفیسر اور انچارج فوڈ کنٹرول سیل نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کینٹ کے مختلف تجارتی مراکز، فوڈ آٹ لیٹس اور کیٹرنگ سروسز کا دورہ کیا اور وہاں خوراک کی تیاری، ذخیرہ کرنے کے طریقہ کار اور کچن میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افراد کو خوراک کی تیاری اور فراہمی کے دوران حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایات بھی دی گئیں۔مہم کے دوران شہریوں اور دکانداروں میں آگاہی بروشرز بھی تقسیم کیے گئے، جن کے ذریعے صاف، معیاری اور محفوظ خوراک کے استعمال، خوراک کی مناسب ذخیرہ اندوزی اور صفائی کے بنیادی اصولوں سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔
اس موقع پر کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر عامر رشید نے کہا کہ شہریوں کو معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنانا اور فوڈ سیفٹی سے متعلق شعور اجاگر کرنا راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ عوامی صحت کے تحفظ اور خوراک کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے ایسے آگاہی پروگرامز اور اقدامات آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں گے۔
