راولپنڈی (محمد طیب حسینی)راولپنڈی میں ریکارڈ ترقیاتی کاموں، سڑکوں کی تعمیر، فلائی اوورز، پارکس اور صفائی کے منصوبوں کے باوجود مسلم لیگ (ن) کی عوامی مقبولیت میں واضح کمی دیکھی جا رہی ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ترقیاتی کام اپنی جگہ، لیکن بازار میں مصنوعی مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی مشکل کر دی ہے، اور یہی مہنگائی پارٹی کے لیے سب سے بڑا چیلنج بن گئی ہے۔شہریوں کا موقف ہے کہ ترقیاتی منصوبے نظر تو آتے ہیں، مگر ان کا فائدہ اس وقت تک محسوس نہیں ہوتا جب تک روزمرہ اشیا سستی نہ ہوں۔ دال، آٹا، چینی، سبزی، دودھ اور گیس کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔
عوام کا کہنا ہے کہ مہنگائی قدرتی نہیں بلکہ مصنوعی ہے، جسے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں نے پیدا کیا ہے، اور اس پر کنٹرول نہ ہونا مقامی نمائندوں اور انتظامیہ کی ناکامی سمجھا جا رہا ہے۔عوامی حلقوں سمیت شہری محمد ریاض کا کہنا ہے کہ سڑکیں بن گئی ہیں، یہ اچھی بات ہے، لیکن گھر کا چولہا کیسے جلے؟ ہر ہفتے ریٹ بڑھ جاتا ہے۔ غریب آدمی ترقیاتی بورڈ نہیں دیکھتا، وہ اپنے بچوں کا پیٹ دیکھتا ہے۔سرین بی بی، عائشہ صدیقہ گھریلو خاتون پہلے 500 روپے کا سودا آ جاتا تھا، اب 1500 میں بھی پورا نہیں ہوتا۔ ہم نے ووٹ مہنگائی ختم کرنے کے لیے دیا تھا، مہنگائی بڑھانے کے لیے نہیں۔وقاص احمد، رکشہ ڈرائیور،ترقی ہوئی ہے، مانتے ہیں، لیکن پیٹرول، گیس اور اشیا خورونوش مہنگی ہو گئیں تو ترقی کا کیا فائدہ؟ مقامی نمائندے بازار کا چکر ہی نہیں لگاتے۔
طالب علم حمزہ خاننوجوان نوکری اور سستی تعلیم چاہتے ہیں۔ اگر قیمتیں قابو میں نہ آئیں تو نوجوان پارٹی سے دور ہوتا جائے گا۔”سیاسی مبصرین کے مطابق یہ صورتحال مقامی نمائندوں اور مسلم لیگ(ن)کی مرکزی قیادت کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ اگر مصنوعی مہنگائی پر فوری اور سخت کارروائی نہ کی گئی، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف عملی قدم نہ اٹھایا گیا اور عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو آنے والے الیکشن میں ریکارڈ ترقیاتی کام بھی مقبولیت کا گراف اوپر نہیں لا سکیں گے۔عوام کا مطالبہ ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال کی جائیں، سرکاری نرخنامے پر سختی سے عمل کرایا جائے اور مقامی قیادت عوام میں جا کر ان کے مسائل سنے۔
