کراچی(سب نیوز ) کراچی پولیس آفس پر حملے میں زخمی ایک اور پولیس اہل کار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جس کے بعد شہدا کی تعداد 5 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس آفس پر حملے میں زخمی اہلکار عبدالطیف زخموں کے سبب علاج کے لیے اسپتال میں داخل تھا۔ شہید ہونے والا پولیس اہل کار سیکیورٹی زون ون میں تعینات تھا جبکہ شہید پولیس اہلکار کا آبائی تعلق شکار پورسے ہے۔اہلکار عبدالطیف کی شہادت کے بعد کراچی پولیس آفس حملے کے شہداد کی تعداد پانچ ہوگئی ہے۔ پولیس کانسٹیبل شہید عبداللطیف نے اپنے سوگواران میں والدہ، بیوہ، 6 بیٹیاں اور ایک بیٹے کو چھوڑا ہے۔
شہید اہلکار کی نماز جنازہ گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹر میں سرکاری اعزاز اور سلامی کے ساتھ ادا کی گئی جس میں وزیراعلی سندھ، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل آئی جی پولیس، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور معزز افراد نے شرکت کی۔ وزیراعلی نے شہید کے جنازے کو کندھا بھی دیا، جسد خاکی پر پھول چڑھائے، ورثا سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پولیس اہلکار کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم نے عبداللطیف کی زندگی بچانے کے لیے بہترین انتظام کیے لیکن اللہ پاک کو یہ منظور تھا۔
