اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )ملک میں قومی اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد عامر لیاقت حسین نے پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔سوشل میڈیا سائٹ ٹویٹر پر عامر لیاقت حسین نے کہا ڈراما ختم ہونے کے بعد کہنا چاہتا ہوں کہ وزیراعظم نے جو کچھ کیا ثابت ہوگیا کہ اپوزیشن جو کچھ کر رہی تھی درست کر رہی تھی، اس لیے میں تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں۔
انہوں نے لکھا کہ آئین سے کس نے انحراف کیا اور منحرف کون ہے؟ فیصلہ عدالت کرے گی لیکن اپوزیشن نے جو کیا درست کیا اور آصف علی زرداری نے ایک بار پھر پاکستان کھپے ثابت کر دکھایا۔عامر لیاقت نے کہا کہ اسمبلی کے دروازے کے باہر کھڑا رہا، دروازے بند تھے لیکن اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ مجھے ہمت دی اور دل کی تکلیف کے باوجود سوچ بچار کر کے اسمبلی گیا۔عامر لیاقات حسین کامزید کہنا تھا کہ بہت کچھ پتہ ہے لیکن ملکی مفاد بھی کوئی چیز ہوتی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ صدر مملکت، وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سب آئین کو جواب دہ ہیں۔
