امریکا نے طالبان حکومت کی جانب سے لڑکیوں کے اسکولوں کو کھولنے کا فیصلہ واپس لیے جانے کے ردعمل میں قطر میں ہونے والے مذاکرات منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے
۔امریکی انتظامیہ نے کہا ہے کہ قطر کے دارالحکومت دوحا میں طالبان کے ساتھ مذاکرات افغانستان میں لڑکیوں کی سیکنڈری اور ہائی اسکول کی تعلیم کی معطلی کے ردعمل میں منسوخ کردیے گئے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کی نائب ترجمان یالینا پورٹر نے طالبان کی جانب سے لڑکیوں کی تعلیم کی معطلی پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔طالبان کے فیصلے کے بارے میں نائب ترجمان یالینا پورٹر نے کہا کہ ہم نے طالبان کے ساتھ اپنی کچھ مصروفیات منسوخ کر دی ہیں جن میں دوحا میں طے شدہ مذاکرات بھی شامل ہیں
اور ہم نے واضح کر دیا ہے کہ اس فیصلے کو ہم ایک اہم موڑ کے طور پر دیکھتے ہیں۔نائب ترجمان یالینا پورٹر نے کہا ہے کہ اگر یہ فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو افغان عوام کو اس سے شدید نقصان پہنچے گا۔ اس سے طالبان بین الاقوامی برادری کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنانے کی کوششوں کو نقصان پہنچائیں گے۔
