کراچی (سب نیوز)وفاقی وزیرصحت اور ایم کیوایم پاکستان کے رہنما مصطفی کمال نے کہاہے کہ نئے صوبوں کے قیام کیلئے ریفرنڈم ہوگا اور دسمبر کا مہینہ انتہائی اہم ہے۔ایم کیو ایم پاکستان ڈسٹرکٹ سینٹرل کے ذمہ داران اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ مہاجروں کو اپنے دل بڑے کرنا ہوں گے، تمام مذاہب اور زبانیں بولنے والوں کو گلے لگانا ہماری ذمہ داری ہے۔
اندرون سندھ سمیت پاکستان بھر کے مظلوم نئے صوبوں کی تشکیل کے لیے کراچی والوں کی جانب دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ریاستی ترجیحات اور عوام کے بنیادی مسائل کا حل ایک ہی پیج پر آگئے ہیں،نئے صوبوں کے مخالفین اس شہر اورصوبے کی لسانی اکائیوں کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں، اگرکوئی مہاجروں یا ان کے رہنماوں کے خلاف بدزبانی کرتا ہے تب بھی ہمیں کسی قوم کو برا نہیں کہنا چاہیے۔مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ سندھی قوم پرست سندھی قوم کے بھی دشمن ہیں، ورنہ سندھ کی کسی ایک یونین کونسل کی حالت بہتر ہوتی۔ ہمارے شہدا کی قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ آج پاکستان میں جاگیردارانہ، وڈیرانہ اور سرمایہ دارانہ نظام کو دفن کرنے کا وقت آگیا ہے۔
انہوں نے پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کو تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکمران کراچی کے ساڑھے تین کروڑ شہریوں سے ٹیکس وصول کرتے ہیں لیکن مردم شماری میں انہیں درست گننے سے ڈرتے ہیں، ڈالے گئے ووٹوں کا 20 فیصد حاصل کرنے والی پیپلزپارٹی پورے سندھ کی نمائندہ نہیں ہے۔
