ہومپاکستانآئینی عدالت کی پہلی سالگرہ، ایک سال میں 9ہزار مقدمات کے فیصلے کیے، چیف جسٹس امین الدین خان

آئینی عدالت کی پہلی سالگرہ، ایک سال میں 9ہزار مقدمات کے فیصلے کیے، چیف جسٹس امین الدین خان

اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی آئینی عدالت کے قیام کو ایک سال مکمل ہونے پر چیف جسٹس امین الدین خان نے کہا ہے کہ عدالت نے ایک سال کے دوران 9 ہزار مقدمات کے فیصلے کیے جو اس عرصے میں کسی بھی عدالت کی جانب سے دیے گئے فیصلوں کی تعداد میں سب سے زیادہ ہیں۔
آئینی عدالت کی پہلی سالگرہ کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران کسی عدالت نے اتنے ریکارڈ فیصلے نہیں دیے جتنے ہم نے دیے۔جلدی کیسز نمٹائے جائے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے وکلا کے لیے دلائل کا وقت مقرر کر رکھا ہے جو دنیا بھر میں رائج ہے۔
چیف جسٹس امین الدین خان نے ستمبر 24 کو مقدمات کی جلد سماعت اور زیر التوا کیسز نمٹانے کے لیے وکلا کے دلائل کا دورانیہ 10 منٹ تک محدود کیا تھا۔ ان کی ہدایت پر عدالتی کارروائی کے دوران وقت کی پابندی یقینی بنانے کے لیے کمرہ عدالت میں اسٹاپ واچ بھی نصب کی گئی ہے، جو وکیل کے لیے مقررہ 10 منٹ مکمل ہونے پر بیپ کی آواز دیتی ہے۔
آئینی عدالت کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے چیف جسٹس کا مزید کہنا تھا کہ کبھی بھی اپنے کام سے مطمئن نہیں ہونا چاہیے اور ہر وقت کام میں بہتری لانے کی کوشش کرنی چاہیے۔انہوں نے آئینی عدالت کا ایک سال مکمل ہونے پر تمام وکلا اور ججز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پتا ہی نہیں چلا پورا سال مکمل ہوگیا اور ہم پہلی سالگرہ منا رہے ہیں۔اس موقع پر چیف جسٹس امین الدین خان نے آئینی عدالت میں کام کرنے والوں کو دل سے کام کرنے کا پیغام دیا۔
انہوں نے آئینی عدالت کا ایک سال مکمل ہونے پر یادگاری ڈاک ٹکٹ کی رونمائی کی اور ای کورٹ کا افتتاح بھی کیا گیا۔اس کے علاوہ آئینی عدالت کے اہم فیصلوں کے اردو ترجمے پر مبنی کتاب کا اجرا بھی کیا گیا۔قبل ازیں تقریب کے آغاز میں آئینی عدالت کے ایک سالہ سفر پر خصوصی ڈاکومنٹری بھی نشر کی گئی۔تقریب میں آئینی عدالت کے تمام ججز، اٹارنی جنرل، پاکستان بار اور سپریم کورٹ بار ایسوسی کے عہدیداران کے علاوہ عدالتی عملے نے بھی شرکت کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔