اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم ہو بھی جائے تو حتمی فیصلہ پارلیمنٹ نے ہی کرنا ہے، تاہم یہ معاملہ ابھی تک پارلیمنٹ میں زیر بحث نہیں آیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے دونوں وکلا نے ان سے ملاقات کی ہے، تاہم ملاقاتوں کے حوالے سے ان کا آئندہ رویہ آنے والے دنوں میں واضح ہوگا۔بانی پی ٹی آئی کے وکلا نے ملاقات کے بعد سیاسی گفتگو کی، جس سے آئندہ ملاقاتوں کے انعقاد میں رکاوٹ پیدا ہوسکتی ہے۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے لانگ مارچ کی کال دے رکھی تھی، جس پر انہیں سمجھانے کی کوشش کی گئی اور ہر طرح کی یقین دہانیاں بھی کرائی گئیں، ملاقاتوں پر پابندی کی وجہ یہ تھی کہ پی ٹی آئی ان ملاقاتوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتی ہے۔
نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم کے سوال پر وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ ریفرنڈم کس نے کرانا ہے؟ یہ اختیار بھی پارلیمنٹ کے پاس ہے۔ یہ معاملہ ابھی تک پارلیمنٹ میں پیش ہی نہیں ہوا۔اگر صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم ہو بھی جاتا ہے تو حتمی فیصلہ پارلیمنٹ نے ہی کرنا ہے۔ جب یہ معاملہ پارلیمنٹ میں آئے گا تو اس پر حکومتی پالیسی کا باضابطہ مقف پیش کیا جائے گا اور ایوان میں تفصیلی بحث ہوگی۔
نئے صوبوں کے قیام پر ریفرنڈم بھی حتمی فیصلہ نہیں ہوگا، فیصلہ پارلیمنٹ نے ہی کرنا ہے، رانا ثنااللہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
