اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان 2050 سے قبل دنیا کی 6 بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا اور ملک کے قیمتی معدنی وسائل کو خام شکل میں بیرون ملک بھیجنا بند کر کے ملکی صنعتوں میں استعمال کیا جائے گا۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی معیشت اس وقت نئے اعتماد کے ساتھ ترقی اور تبدیلی کے سفر پر گامزن ہے اور ملکی معاشی استحکام کے ثمرات اب واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان قدرتی اور معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے، تاہم اب وقت آ گیا ہے کہ قیمتی معدنی وسائل کو خام شکل میں بیرون ملک برآمد کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسی کے تحت ان قیمتی معدنی وسائل کو مقامی سطح پر پروسیس کر کے ملکی صنعتوں کی ترقی اور پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے استعمال میں لایا جائے گا، جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور زرمبادلہ میں اضافہ ہوگا۔شہباز شریف نے معدنیات کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل اور ان کی ٹیم کا معدنیاتی ایجنڈے کو قومی معاشی وژن کا مرکزی حصہ بنانے میں انتہائی اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور عسکری قیادت کی مشترکہ کاشوں سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے اور ملک میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے بلوچستان میں واقع ریکوڈک منصوبے کو ملکی معیشت کے لیے گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ دنیا کے تانبے اور سونے کے بڑے غیر استعمال شدہ ذخائر میں سے ایک ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ معدنیات کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور شفاف سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان کو خطے کا معاشی حب بنایا جائے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 2 دہائیوں سے تعطل کا شکار ریکوڈک منصوبہ اب عملی تکمیل اور آپریشنل مرحلے کی جانب بڑھ رہا ہے، جبکہ سرمایہ کاروں کا تحفظ ہمارا تحفظ اور ان کی سلامتی ہماری سلامتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ملک کے قیمتی معدنی وسائل کو ملکی ڈان اسٹریم انڈسٹری کے لیے بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ دنیا کے تانبے اور سونے کے بڑے غیر استعمال شدہ ذخائر میں سے ایک ہے اور وہ بیرک کمپنی کے شکر گزار ہیں کہ اس نے پاکستان پر اپنا اعتماد برقرار رکھا۔
عالمی معاشی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گولڈ مین سیکس کی پیشگوئی ہے کہ 2075 تک پاکستان دنیا کی 6 ویں بڑی معیشت بن سکتا ہے، تاہم ان شا اللہ پاکستان 2050 سے پہلے ہی دنیا کی بڑی معیشتوں کی صف میں شامل ہو جائے گا۔شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان صرف خام معدنیات نکال کر بیرون ملک بھیجنے کا خواہاں نہیں ہے بلکہ معدنیات کو نکالنا، پاکستان میں ہی پراسیس اور تیار کر کے برآمد کرنا حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقی کا یہ سفر مشکل ضرور ہے مگر ہم پرعزم ہیں، کیونکہ مساوی اور منصفانہ شراکت داری پاکستان اور سرمایہ کار دونوں کے لیے یکساں فائدہ مند ثابت ہوگی۔وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاروں کو یکساں مواقع اور پالیسیوں میں تسلسل فراہم کیا جائے گا، جبکہ سرمایہ کاروں کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے طریقہ کار کو مزید آسان بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ نیشنل منرل ڈیٹا سینٹر کے قیام اور ارضیاتی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن سے سرمایہ کاروں کو مستند معلومات باآسانی دستیاب ہوں گی۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ کاروباری برادری کو سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے تمام ضروری تعاون فراہم کیا جائے گا۔
خام معدنیات باہر بھیجنا نہیں، پاکستان میں تیار کر کے برآمد کرنا ہمارا اصل ہدف ہے، وزیراعظم شہباز شریف
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
