ہومپاکستانمسلم لیگ (ن)نے انتخابی اصلاحات کمیٹی کے لیے 11 ارکان کے نام تجویز کردیے

مسلم لیگ (ن)نے انتخابی اصلاحات کمیٹی کے لیے 11 ارکان کے نام تجویز کردیے

اسلام آباد (سب نیوز)اسلام آباد میں پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کی تشکیل کے معاملے پر اہم پیش رفت ہوئی ہے، جہاں مسلم لیگ(ن)نے کمیٹی کے لیے 11 ارکان کے نام تجویز کردیے ہیں۔وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے مجوزہ نام نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو بھجوا دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن)کی جانب سے انتخابی اصلاحات کمیٹی کے لیے تجویز کردہ 11 ارکان میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری بھی شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی منظوری کے بعد انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل کا عمل مزید آگے بڑھے گا۔
ذرائع کے مطابق انتخابی اصلاحات کمیٹی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی شمولیت کے لیے بھی رابطے کیے جارہے ہیں، اس سلسلے میں پیر کو وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر سے ملاقات ہوگی، جس میں تحریک انصاف سے انتخابی اصلاحات کمیٹی کے لیے نام مانگے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے نام فراہم کیے جانے کے بعد انتخابی اصلاحات کمیٹی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔