اسلام آباد (سب نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے حکومتی اخراجات میں کمی اور وسائل کے تحفظ کے لیے کفایت شعاری اقدامات پر موثر عمل درآمد اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطہ کاری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وزارت خارجہ میں کفایت شعاری اور وسائل کے تحفظ سے متعلق اضافی اقدامات پر عمل درآمد کی نگرانی کرنے والی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت کی کفایت شعاری مہم کے مقاصد کے حصول کے لیے مسلسل نگرانی اور مربوط کوششیں ضروری ہیں۔ اجلاس میں سابقہ فیصلوں پر عمل درآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جبکہ وزارتوں اور ڈویژنز میں اخراجات کے نظم و نسق اور وسائل کے تحفظ پر توجہ دی گئی۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ غیر ضروری اخراجات میں مزید کمی اور انتظامی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں۔ تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ کفایت شعاری کے اقدامات کو مستقل بچت میں تبدیل کریں۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹریز کابینہ، قانون و انصاف، اطلاعات و نشریات اور وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت سمیت چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور متعلقہ وزارتوں کے سینئر نمائندوں نے شرکت کی۔
حکومتی اخراجات میں کمی اور وسائل کے تحفظ کے لیے کفایت شعاری اقدامات پر عمل درآمد تیز کرنے کی ہدایت
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
