ہومپاکستاناسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل، ہائیکورٹ کا الیکشن کمیشن کو 26نومبر تک انتخابات کرانے سے روکنے کا حکم

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل، ہائیکورٹ کا الیکشن کمیشن کو 26نومبر تک انتخابات کرانے سے روکنے کا حکم

اسلام آباد (سب نیوز)ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں 20دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے انتخابی عمل سے متعلق حکم نامے پر 26 نومبر تک عمل درآمد روک دیا۔ عدالت نے یہ عبوری حکم ایک شہری کی جانب سے دائر درخواست پر جاری کیا۔
اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا معاملہ گزشتہ کئی برسوں سے تاخیر، قانون سازی میں تبدیلیوں، حلقہ بندیوں کے تنازعات اور وفاقی حکومت و الیکشن کمیشن کے درمیان اختلافات کا شکار رہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں آخری مرتبہ بلدیاتی انتخابات 2015 میں منعقد ہوئے تھے، جن کے نتیجے میں میئر اور مقامی نمائندوں پر مشتمل بلدیاتی نظام قائم ہوا۔2015میں منتخب ہونے والے بلدیاتی اداروں کی مدت 14 فروری 2021 کو ختم ہوئی۔ قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کو مدت ختم ہونے کے 120 روز کے اندر نئے انتخابات کرانے تھے، تاہم ایسا نہ ہو سکا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے جمعہ کے روز شہری امجد علی کی جانب سے ایڈووکیٹ عادل عزیز قاضی کے توسط سے دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کی جانب سے 21 اکتوبر کو جاری کردہ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کو معطل کر دیا، عدالت نے کیس کی مزید سماعت کے لیے 26 نومبر کی تاریخ مقرر کر دی۔درخواست گزار نے بلدیاتی انتخابات کے قانونی جواز اور حلقہ بندیوں کے عمل کو چیلنج کرتے ہوئے مقف اختیار کیا کہ اسلام آباد لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2026 اپنی مدت پوری ہونے کے بعد غیر موثر ہو چکا ہے، جس کے نتیجے میں اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 دوبارہ بحال ہو گیا ہے۔
درخواست گزار کے مطابق الیکشن کمیشن نے 2015 کے بحال ہونے والے قانون کے تحت انتخابات کرانے کے لیے ضروری حلقہ بندیوں کا قانونی عمل مکمل نہیں کیا۔وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد کی 125 یونین کونسلز، ان کے نو نو وارڈز اور میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آبادکے انتخابی حلقوں کی حد بندی کے حوالے سے کوئی موثر اور قانونی فیصلہ موجود نہیں۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سابقہ ترمیم شدہ قانون کے تحت کی گئی حلقہ بندیاں خودبخود بحال ہونے والے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے تحت انتخابات کے لیے قابلِ استعمال نہیں ہو سکتیں بلکہ نئے قانون کے مطابق ازسرنو حلقہ بندیاں اور انتخابی فہرستوں کی تیاری ضروری ہے۔
وکیل نے موقف اپنایا کہ حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں کا قانونی عمل مکمل کیے بغیر انتخابات کا انعقاد آئین کے آرٹیکل 218(3) کے منافی ہوگا کیونکہ اس آئینی شق کے تحت الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ انتخابات ایمانداری، شفافیت، انصاف اور قانون کے مطابق منعقد کرائے۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے 21 اکتوبر کو جاری کردہ حکم نامے اور 20 دسمبر کے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کو کالعدم قرار دیا جائے۔عدالت نے اپنے تحریری عبوری حکم میں قرار دیا کہ الیکشن کمیشن آئینی اور قانونی طور پر اس بات کا پابند ہے کہ انتخابات منصفانہ، شفاف اور غیر جانب دارانہ انداز میں منعقد کرائے۔ عدالت نے درخواست پر ابتدائی کارروائی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا حکم نامہ اور انتخابی شیڈول آئندہ سماعت تک معطل کر دیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔