ہومبریکنگ نیوزصدر مملکت کا عالمی یومِ سیاحت پر پاکستان میں سیاحت کے فروغ پر زور

صدر مملکت کا عالمی یومِ سیاحت پر پاکستان میں سیاحت کے فروغ پر زور

اسلام آباد، : صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ سیاحت 2026 کے موقع پر پاکستان میں ذمہ دارانہ، جامع اور پائیدار سیاحت کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت عالمی سیاحت کے شعبے کو تبدیل کر رہی ہیں۔

عالمی یومِ سیاحت کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے پاکستانی عوام، عالمی سیاحتی برادری اور دنیا بھر کے سیاحوں کو مبارکباد پیش کی۔

صدر آصف علی زرداری نے اس سال کے موضوع ’’سیاحت کی نئی تشکیل کے لیے ڈیجیٹل ایجنڈا اور مصنوعی ذہانت‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت نے سفر کی منصوبہ بندی، سیاحتی مقامات کی تلاش اور مختلف ثقافتوں کے تجربات کے طریقوں میں تبدیلی پیدا کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ یہ تبدیلیاں ذمہ دارانہ، جامع اور عوام و مقامی برادریوں کے لیے فائدہ مند ہوں۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان قدرتی مناظر اور سیاحتی تجربات کے حوالے سے غیرمعمولی تنوع کا حامل ملک ہے، جہاں شمالی علاقوں کے بلند و بالا پہاڑوں، وادی سندھ کی قدیم تہذیب، اسلامی اور گندھارا ورثے، شہروں، صحراؤں اور ساحلی علاقوں سمیت بے شمار پرکشش مقامات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کی گرم جوشی اور مہمان نوازی ملک کی سب سے بڑی طاقت ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ سیاحت روزگار کے مواقع پیدا کرنے، مقامی کاروبار کو فروغ دینے اور نوجوانوں و خواتین کے لیے نئے امکانات کھولنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ملک بھر کی مقامی برادریوں میں معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آنے والی نسلوں کے لیے قدرتی ماحول، ثقافتی ورثے اور روایات کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

صدر مملکت نے دنیا بھر کے سیاحوں کو پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوں اور اس کی قدرتی خوبصورتی اور ثقافتی تنوع کا خود مشاہدہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں سیاحت کے ایسے شعبے کی تعمیر کرنی چاہیے جو جدت کو اپناتے ہوئے مہمان نوازی، احترام اور ذمہ داری کی اقدار سے جڑا رہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پوری گرم جوشی کے ساتھ دنیا کا خیرمقدم کرتا ہے۔

بذریعہ: سب نیوز

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔