ہومبریکنگ نیوزآزاد کشمیر کی 8 رکنی کابینہ کا اعلان ، حلف بھی اٹھا لیا ،کئی نئے چہرے شامل

آزاد کشمیر کی 8 رکنی کابینہ کا اعلان ، حلف بھی اٹھا لیا ،کئی نئے چہرے شامل

مظفرآباد (آئی پی ایس )وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی کی کابینہ کے 8 ارکان نے حلف اٹھا لیا ہے، قائم مقام صدر چوہدری طارق فاروق نے ایوان صدر میں کابینہ ارکان سے حلف لیا۔جمعے کے روز مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر کی نئی حکومت کی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی، جس میں 8 رکنی کابینہ نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔قائم مقام صدر آزاد کشمیر چوہدری طارق فاروق نے کابینہ کے ارکان سے حلف لیا۔

حلف اٹھانے والوں میں ثاقب مجید راجہ، ڈاکٹر مصطفی بشیر، سردار میر اکبر، کرنل وقار نور، اظہر صادق، راجہ ریاست، انجینیئر عمیر نعیم اور عبدالرحمان شامل ہیں۔تقریب حلف برداری میں وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی، اراکین قانون ساز اسمبلی، بیوروکریسی اور شہریوں نے شرکت کی۔بیرسٹر افتخار گیلانی 28 اگست کو آزاد کشمیر کے 17ویں وزیراعظم منتخب ہوئے تھے۔

انہوں نے 44 میں سے 30 ووٹ حاصل کیے تھے، جبکہ ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار مختار احمد عباسی کو 14 ووٹ ملے تھے۔قبل ازیں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیراعظم افتخار گیلانی اور صدر مسلم لیگ ن شاہ غلام قادر کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں نومنتخب ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس میں کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔