اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے راولپنڈی مال روڈ پر پی ٹی آئی کارکن کی جانب سے سیکیورٹی اہلکار پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد کی سیاست اور اسلحے سے لیس ہوکر احتجاج کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکا ہے۔
خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکن کی جانب سے سیکیورٹی اہلکار پر فائرنگ کا کوئی جواز نہیں تھا، مسلح ہوکر دن دیہاڑے سیکیورٹی اہلکار پر فائرنگ قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام احتجاج ریکارڈ پر ہیں کہ وہ ہمیشہ اسلحے سے لیس ہوکر آئے، پی ٹی آئی نے اپنے احتجاجوں میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو شہید کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی پرامن احتجاج پر یقین نہیں رکھتی، ان کا کوئی ایک احتجاج بھی پرامن نہیں ہوا، ان کے مقاصد اور عزائم پوری قوم دیکھ چکی ہے۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ آج کے واقعے سے بہت سی چیزیں دنیا کے سامنے آئی ہیں، پی ٹی آئی کارکن سے پارٹی کا جھنڈا اور دیگر دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی ملک میں انارکی پھیلانا اور امن و امان کو تباہ کرنا چاہتی ہے۔ ان کے بقول پاکستان کی ترقی پی ٹی آئی کو ہضم نہیں ہورہی اور وہ ہر اہم موقع پر احتجاج کا اعلان کردیتی ہے۔
تشدد کی سیاست کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکا ہے، وفاقی وزیرعطا اللہ تارڑ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
