کراچی(سب نیوز) پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اپنے پانچ نکاتی مطالبات پر عمل درآمد کے لیے حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے مطالبات نہ ماننے پر 15 اگست صبح 6 بجے سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت کے لیے پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین ملک خدا بخش نے وائس چیئرمین انور کمال، امیر خان طارق حسن و دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فیصلہ ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا گیا ہے کیونکہ ملک بھر 14ہزار پیٹرولیم ڈیلرز کا دباو بہت بڑھ گیا ہے۔ملک خدابخش نے کہا کہ حکومت کو پہلے دو ہفتوں کی مہلت دی گئی تھی جو پوری ہوچکی ہے۔ مہلت کے بعد حکومت کو بذریعہ خط مطلع کیا گیا کہ ہم پر 14 ہزار ڈیلرز کا پریشر ہے اور ہمارا صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔چئیرمین پی پی ڈی اے نے کہا کہ ہم نے اخلاقیات کے پیش نظر 15 روز قبل ہڑتال واپس لی تھی اور سمجھ رہے تھے کہ حکومت سنجیدہ ہے۔
پی پی ڈی اے کے وائس چیئرمین طارق حسن نے کہا کہ 72 گھنٹوں کی مہلت ہفتہ 15اگست کی صبح 6 بجے ختم ہوجائے گی۔ اگر ڈیلر کمیشن، 24گھنٹے پرائس میکنزم میں تبدیلی، کمپنی الاٹمنٹ پالیسی جیسے حساس نوعیت کے مسائل طے نہ کیے تو 15اگست صبح 6بجے سے ملک بھر کے پیٹرول پمپس غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیے جائیں گے اور اس وقت تک کاروبار نہیں کھولا جائے گا جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے۔ ڈیلرز نے پیٹرول پر 8 فیصد مارجن کا مطالبہ کیا ہے۔
گڈز ٹرانسپورٹرز کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز کا بھی ملک بھر میں 15اگست صبح 6بجے سے غیر معینہ مدت کیلئے پٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
